مساوات کے قیام ،غربت کے خاتمہ کیلئے بلاسودی نظام ضروری

   

محبوب نگر میں سہولت مائیکرو فینانس سوسائٹی کا اجلاس ، جناب اقبال حسین ، اعجاز حسین اور دیگر مقررین کا خطاب
محبوب نگر 17/ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)معاشی ترقی کیلئے اسلام نے پانچ اصول بیان کئے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے سماج سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب اقبال حسین ریجنل ڈائریکٹر سہولت مائیکروفینانس سوسائٹی حیدرآباد ریجن نے محبوب نگر کے 8ویں سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ جناب اعجاز حسین سرکل انسپکٹر 2ٹاؤن محبوب نگر ، جناب شیخ شجاعت علی صدر محبوب نگر سوسائٹی، اور جناب عثمان عبیداللہ صدیقی مجاہد ، نائب صدر و دیگر موجود تھے۔ اپنے خطاب میں جناب اقبال حسین نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ حلال و حرام کی تمیز ہو، مال کو جمع کرنے سے گریز کیا جائے ،مال ضرورت سے زیادہ ہو تواسے اللہ کی راہ میں خرچ کریں، زکوٰہ ادا کریں اور وراثت کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر سود کی لعنت کے نقصانات بتاتے ہوئے کہا کہ سود دینے والا اپنے آپ کو مالک اور سود پر مال لینے والا اپنے آپ کو غلام سمجھتا ہے۔ ایسے میں ہمیں چاہئے کہ بلا سودی نظام کے تحت غربت کے خاتمہ کیلئے کام کریں ،سماج میں مساوات کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ سود کا خاتمہ ہو۔ سماج میں مساوات کا قیام اور غربت کے خاتمہ کیلئے بلا سودی نظام کا قیام عمل میں لایا جائے۔ جناب اعجاز حسین صاحب سرکل انسپکٹر نے کہا کہ سیوا کے خدمات قابل تحسین ہیں ،عوام کو دھوکا دینے کیلئے نئے نئے طریقے ایجاد کئے جا رہے ہیں۔ انسٹا لون کے نام پر عوام کوہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے۔ عوام کو چاہئے کہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور ان میں شعور پیدا کریں۔ شیخ شجاعت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام میں آپسی تعاون بڑھانے کیلئے سدبھاونا فورم کا قیام عمل میں لایا جانا چاہئے۔ اجلاس کا آغاز جناب عثمان عبید اللہ مجاہد صدیقی کی قراء ت کلام پاک سے ہوا جبکہ اجلاس سے جناب ایوب رکن جماعت جڑچرلہ نے تلگو میں سود کی لعنت کو پیش کیا جبکہ اجلاس سی جناب عبد القیوم صدر سیوا سوسائٹی محبوب نگر اور جناب ظہیر صوفی ،بی ایم سی ممبر نارائن پیٹ نے مقامی سیواسوسائٹی نارائن پیٹ کی کارکردگی پیش کی،جناب عبدالرووف ایڈوکیٹ نے بھی مخاطب کیا۔جناب واجدعلی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ اس موقع پر محبوب نگر سیوا سوساٹی کے بی ایم سی ممبران عبد السمیع، ودود اللہ بیگ، عبد القوی اور نارائن پیٹ برانچ کے ذمہ داران مجاہد صدیقی، ظہیر صوفی ،حسین پاشاہ، انور پٹیل کے علاوہ اسٹاف و جمیع ممبران سیوا میکس موجود تھے۔