حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : جے این این یو آر ایم مکانات کی الاٹمنٹ کے عمل میں پیش قدمی ہوئی ہے جو کئی سالوں سے زیر التواء تھا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر برائے بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی ہدایات پر وزیر برائے افزائش مویشیاں ، سمکیات مسٹر ٹی سرینواس یادو نے اہل استفادہ کنندگان کو مکانات الاٹ کرنے کی پہل کرتے ہوئے جمعرات کو مانصاحب ٹینک پر واقع اپنے دفتر میں ایم ایل ایز ، ریونیو ، ہاوزنگ اور جی ایچ ایم سی کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ جس میں وزیر داخلہ محمود علی ، عنبر پیٹ کنٹونمنٹ ، گوشہ محل اور ملک پیٹ کے ایم ایل اے ، ای ای وینکٹیش داسو ریڈی ، راجہ سنگھ ، بلالہ ، ضلع کلکٹر شرمن ، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار ، آر ڈی او وسنت ، وینکٹیشورلو ، چندرائن گٹہ کارپوریٹر سلیم بیگ ، ہاوزنگ سی ای سریش ، ای ای وینکٹ داسو ریڈی اور دیگر نے شرکت کی ۔ حیدرآباد اور سکندرآباد ڈیویژن کے تحت سکندرآباد حلقہ میں حمال بستی ، حلقہ صنعت نگر میں گیدان باغ ، کستوربا نگر ، اولڈ پاٹی گڈہ ، این بی ٹی حلقہ اسمبلی کے ایل آئی سی کالونی میں ، عنبر پیٹ حلقہ میں ویرانا گٹہ ، حلقہ چندرائن گٹہ میں سروے نمبر 82-83 ، 128 اپوگوڑہ کے ایکس سرویس مین علاقے ، گوشہ محل حلقہ میں پھول باغ ، 1-2 ، ملک پیٹ حلقہ اسمبلی کے ننداونم 2 منگانور و دیگر 15 علاقوں میں 2008-2007 میں 21,010 مکانات کی منظوری دی گئی تھی جہاں 17,810 مکانات تعمیر کئے گئے تھے ۔ اس میں سے 8,427 مکانات مستحقین کے حوالے کیے گئے ۔ 2336 مکانات کی الاٹمنٹ مختلف وجوہات پر زیر التواء ہیں ۔ عہدیداروں نے وزیر کو بتایا کہ 2336 مکانات میں سے 1266 مکانات مستحقین میں تقسیم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ انہوں نے ریونیو اور ہاوزنگ محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مقامی ایم ایل ایز کی مدد سے استفادہ کنندگان کی شناخت کریں اور مابقی 1070 مکانات کی الاٹمنٹ کے عمل کو تیز کریں ۔ سرینواس یادو نے جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ چندرائن گٹہ اور پرانے شہر کے اپو گوڑہ علاقوں میں غریبوں کی ضروریات کے لیے جی ایچ ایم سی کی خالی جگہوں پر مختلف کام انجام دینے کے لیے ضرورت پڑنے پر 5 کروڑ روپئے کی لاگت سے ملٹی پرپز فنکشن ہال تعمیر کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔۔
17.75 لاکھ روپئے مالیتی بیرونی کرنسی کے ساتھ دو افراد گرفتار
شمس آباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں کسٹمس عہدیداروں نے دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 17.75 لاکھ روپئے مالیتی بیرونی کرنسی کو ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب شمس آباد ایرپورٹ سے ایئر انڈیا فلائٹ نمبر AI-951 سے دبئی جانے والے دو مسافرین کے لگیج کی تلاشی پر ان کے بیاگ سے 89500/- سعودی ریال اور 2900 یو اے ای درہم جن کی جملہ مالیت 17 لاکھ 75 ہزار روپئے کو ضبط کرتے ہوئے دونوں مسافرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔