مستقبل بی آر ایس کا ہے، کانگریس وعدوں سے منحرف

   

بھونگیر میں کارکنوں کے اجلاس سے سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب
بھونگیر /4 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )بھونگیر میں آج مقامی سائی کنونشن ہال میں بی آر ایس پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں سابق وزیر ورکن اسمبلی ہریش راو نے شرکت کی اور کہا کہ قرض کے نام پر کانگریس اپنے وعدوں سے منحرف ہورہی ہے۔کانگریس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد انتخابی تشہیری مہم میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔فبروری ماہ کی پہلی تاریخ کو گروپ کے اعلامیہ کی اجرائی کا اعلان کیا گیا۔اس پر عمل آوری ندارد ہے۔کانگریس حکومت جھوٹ پر مبنی بیانات کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہی ہے۔عوام دو ماہ کے کانگریس حکومت سے بیزار ہوچکی ہے۔کانگریس حکومت کو چاہئے کہ وہ انتخابات میں کئے گئے تمام وعدوں پر عمل کرے۔ورنہ کانگریسی قائدین کو عوام اچھی طرح سے سبق سکھائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کو وعدوں کی عمل آوری پر توجہہ دلانے پر وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہورہے ہیں ۔انہوں نے ریاستی وزیر کومٹ ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقتدار کے جوش میں بدزبانی کررہے ہیں۔وہ متحدہ ضلع نلگنڈہ کی ترقی کیلئے کس طرح سنجیدہ ہے وہ عوام کو بتائیں۔وعدوں کی تکمیل کیلئے توجہہ دلانے پر اپوزیشن جماعت کے قائدین پر الزام تراشی کررہے ہیں۔انہوں نے بی آر ایس کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ احساس کمتری کا شکار نہ ہوںبلکہ سخت محنت سے کام کریں اور پارٹی کے استحکام کیلئے کام کیا جائے۔کیونکہ مستقبل بی آر ایس کا ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ہار سے مایوس نہ ہو بلکہ حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرے اور عوام میں شعور بیداری لائیں کہ کون عوام کا ہمدرد قائد ہے۔انہوں نے کہا کہ آسراء وظائف ادائیگی میں تاخیر کی جارہی ہے۔رعیتو بندھو اسکیم سے متعلق تاحال کوئی مثبت رد عمل حکومت کی جانب سے نہیں آیا ہے۔کسان قرضہ جات کی طرف توجہہ نہیں دی جارہی ہے۔اس موقع پر سابق وزیر جگدیشور ریڈی،سابق رکن اسمبلی پی شیکھرریڈی،ضلع صدر راما کرشنا ریڈی ، جٹا بالاکرشنا ریڈی ، چنتلا وینکٹیشور ریڈی ،اور دیگرموجود تھے۔