نئی دہلی 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج کہا کہ ملک کے نوجوان بالکل درست انداز میں ملک کے مستقبل کے تعلق سے فکرمند ہیں۔ انہوں نے پڈوچیری کی ایک طالبہ کے حوصلے کی بھی ستائش کی جس نے شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبا سے اظہار یگانگت کیلئے گولڈ میڈل قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ اپنے ٹوئیٹس میں یچوری نے سی اے اے کے خلاف احتجاج میں حصہ لینے پر ایک 24 سالہ جرمن طالب علم کو ملک سے نکل جانے کی ہدایت کی بھی مذمت کی ہے ۔ یچوری نے کہا کہ ملک کا مستقبل ہمارے نوجوان ہی ہیں اور ملک کے مستقبل کے تعلق سے ان کی فکر بالکل درست ہے ۔ ہم تمام محب وطن ہندوستانیوں سے اظہار یگانگت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی کوئی حد نظر آتی کہ حکومت کس حد تک جا کر عوام کی آواز کو دبائے گی کیا یہی وہ جمہوریہ ہے جس کا ملک کے دستور نے اعلان کیا تھا ؟ ۔ تاہم ہندوستان اور ساری دنیا کو یہ پیام واضح طور پر سماعت کرلینا چاہئے ۔
