پونے: مہاراشٹرا کے ضلع ستارا کی کولے واڑی گرام سبھا نے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مستقبل کے انتخابات بیالٹ پیپر پر کرانے کا عزم کیا ہے، جو اس ریاست نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے خلاف قرارداد منظور کرنے والا دوسرا گاؤں ہوگیا ہے۔ یہ گاؤں اسمبلی حلقہ کراڈ (ساوتھ) کے تحت آتا ہے جس کی نمائندگی سینئر کانگریس لیڈر اور سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چوان کرچکے ہیں۔ انہوں نے نومبر میں منعقدہ انتخابی مقابلہ بی جے پی امیدوار اتل بھوسلے کے خلاف 39,355 ووٹوں سے ہارا ہے۔ کولے واڑی کے لوگوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ رائے دہی پر شکوک و شبہات ظاہر کرتے ہوئے یہ قرارداد منظور کی ہے۔ چند روز قبل ہی شولاپور کے ملشیراز حلقہ کے بعض دیہاتیوں نے بھی اسی طرح یہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ای وی ایمس کی درستگی پر شبہ ظاہر کیا تھا اورا نہوں نے بیالٹ پیپرز استعمال کرتے ہوئے حلقہ میں علامتی ری پولنگ منعقد کرنا چاہا جسے انتظامیہ اور پولیس نے ناکام بنادیا اور ان کے خلاف مقدمات درج رجسٹرڈ کئے گئے۔ کولے واڑی کی سرپنچ رتنامالا پاٹل کے شوہر شنکر راؤ پاٹل نے آج کہا کہ گرام سبھا میں قرارداد 2 ڈسمبر کو منظور کی گئی۔