سائنٹیفک مائنڈ کے نیٹ ٹاپرس کی تہنیتی تقریب، ڈاکٹر عامر اللّٰہ خان، ڈاکٹر قطب الدین اور افتخار شریف کا خطاب
حیدرآباد۔ 4؍نومبر ( پریس نوٹ ) سائنٹیفک مائنڈ کے زیر اہتمام اس ادارہ کے 25 NEET ٹاپرس کے اعزاز میں ایک تقریب میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ صدارت ڈاکٹر عامر اللّٰہ خان نے کی۔ امریکہ میں مقیم ماہر نفسیات ڈاکٹر محمد قطب الدین ‘ جناب افتخار شریف نے مہمانان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اورسخت محنت سے ایم بی بی ایس فری سیٹ حاصل کرنے والے مائناریٹی اسٹوڈنٹس کو مبارکباد پیش کی۔ جناب سید سعادت بانی سائنٹیفک مائینڈ نے خیر مقدم کیا اور تمام طلبہ کو تہنیت پیش کی۔ مقررین نے ایم بی بی ایس میں دا خلہ لینے والے طلباء اور طالبات کو تلقین کی کہ وہ پیشہ طب کے تقدس کا تحفظ کریں۔ مریض ‘ ڈاکٹر کے روپ میں رحمت کے فرشتے کو دیکھتا ہے۔ اور اس سے امیدیں باندھتا ہے۔اس لئے ہمدردی اور انسانیت کا جذبہ ڈاکٹر کے لئے ضروری ہے ڈاکٹر قطب الدین نے کہا کہ لڑکیاں اگر ڈاکٹر بنتی ہیں تو بہت زیادہ کامیاب رہتی ہیں کیوں کہ ان میں قدرتی طور پر ممتا کا جذبہ ہوتا ہے۔ وہ نرم دل ہوتی ہیں۔اور مریضوں کو نرم دل ڈاکٹرس کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کی تکلیف کو محسوس کرسکے۔ ڈاکٹر عامر اللّٰہ خان نے اپنے طویل کیریئر کے دوران پیش آنے والے مختلف تجربات اور جن اداروں سے وہ وابستہ رہے ان کے سربراہوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ہندوستان میں دودھیا انقلاب امول ڈیری کے پہلے منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر کوریان، وزیر اعظم منموہن سنگھ، ہندوستان کے معاشی اصلاحات ساز وجئے گیلکر، بل گیٹس اور رتن ٹاٹا ان سب کی مشترکہ خصوصیات یہی ہیں کہ یہ صبح کی اولین ساعتوں میں بیدار ہوتے ہیں۔ کم بولتے ہیں‘ دوسروں کی بات توجہ سے سنتے ہیں اور فوری فیصلے کرتے ہیں۔ جو ان کی کامیابی کے ضامن ہیں۔ انہوں نے طلباء اور طالبات کو تلقین کی کہ وہ فجر سے پہلے بیدار ہوں‘ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد جو تازگی کا احساس پیدا ہوتا وہ کامیابی اور ترقی کی رفتار میں اضافہ کرتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرس کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر تاسف کا اظہار کیا کہ ہندوستان میں ہیلتھ سیکٹر پر جی ڈی پی ایک فیصد خرچ کیا جاتا ہے۔ جبکہ امریکہ میں 17فیصد اور تنزانیہ جیسے غریب ملک میں 3فیصد خرچ کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر عبدالقیوم ندوی اورنگ آباد کو بھی تہنیت پیش کی گئی جو محلہ لائبریریز کے احیاء کی تحریـک چلارہے ہیں۔ جناب عبدالعارئف، محمد انور نے بھی خطاب کیا۔ سید شہباز نے مہمانوں کا تعارئف کروایا۔ طاہر فراز نے خیر مقدم کیا۔