مستقل جنگ بندی کیلئے فوج اور آر ایس ایف کے درمیان طویل مذاکرات درکار

   

ریاض : سعودی شہر جدہ میں ایک ہفتے کے دوران ہونے والی بات چیت کے بعد سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز نے ابتدائی اصولوں کے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے دوران انہوں نے شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کا عہد کیا۔ بات چیت کے دوسرے دور میں مختصر مدت یعنی دس دن کی جنگ بندی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔تاہم سوڈانی قوم اور دنیا کی نظریں اب بھی مستقل جنگ بندی پر لگی ہوئی ہیں۔ اس بات کی تصدیق سعودی وزارت خارجہ نے آج جمعہ کو اپنے ایک بیان میں بھی کی ہیکہ مذاکرات کے اگلے مراحل میں سول فورسز کو شامل کیا جائے گا تاکہ کسی حل اور مستقل جنگ بندی تک پہنچا جا سکے۔اسی تناظر میں امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ عارضی جنگ بندی سے دشمنی کے مستقل خاتمے کی طرف منتقلی ایک طویل عمل ہو گا۔ خاص طور پر اس لیے بھی کیونکہ دونوں فریقوں کے درمیان ابھی تک کچھ چیزوں میں نقطہ نظر کے اختلاف کی گہری خلیج باقی ہے۔ریاض اور واشنگٹن نے سوڈان کے دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت کو اسپانسر کیا ہے اور اب دونوں کو امید ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان آج کے اعلامیہ پر دستخط سے امن کے قیام کی رفتار تیز ہو جائے گی۔ توقع کی جارہی ہیکہ اگلے مرحلے میں سویلین گروپس بھی ان مذاکرات میں شامل ہو جائیں گے۔