مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں تراویح کی نماز ادا کی گئی

,

   

مکہ مکرمہ۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)رمضان المبارک کی پہلی شب کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ میں عشاء اور تراویح کی نمازیں باجماعت ادا کی گئیں۔عشاء اور تراویح میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے عہدیداروں اور دونوں مساجد کی صفائی اور سینیٹائزنگ پر مامور افراد بھی شریک ہوئے۔ انتظامیہ نے ماہ مبارک کے دوران دونوں مساجد میں عام نمازیوں کی شرکت پر پابندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔یہ پابندی نئے کورونا وائرس سے بچانے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے صحت حکام کی ہدایت پر لگی ہوئی ہے۔تراویح 20 رکعتوں کے بجائے 10 رکعت ہی پڑھی گئی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی تجویز پر دس رکعتوں پر ہی اکتفا کیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاع آئی تھی کہ یکم رمضان کو مسجد الحرام میں تراویح کی 6 رکعتیں امام و خطیب شیخ ڈاکٹر سعود الشریم پڑھائیں گے جبکہ باقی چاررکعتیں اور وتر دونوں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدسیس پڑھائیں گے۔