نمازکی پابندی کی تلقین ‘ مسجد عباس کاماریڈی میںدعائیہ نشست ‘ مولانا رشیداحمد اجمیری کا خطاب
کاماریڈی۔ 3؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اسلام میں مسجد کی تعمیر اور اس کی آبادی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے‘ مسجد محض ایک عبادت گاہ ہی نہیں بلکہ مسلمانوں کی ایمانی دینی شناخت اور روحانی زندگی کا مرکز ہے ان خیالات کا اظہار صوبہ گجرات سے تشریف لائے ہوئے معروف عالمِ دین شیخُ الحدیث حضرت مولانا قاری رشید احمد اجمیری (جامعہ اشرفیہ راندیر) نے مسجدِ عباس کاماریڈی میں منعقدہ دعائیہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا حضرت مولانا نے اپنے نہایت جامع اور پُراثر خطاب میں مسجد کی تعمیر و آبادی نماز کے اہتمام اور دینی تعلیم کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ ایک سچا مومن جہاں بھی جاتا ہے وہاں سب سے پہلے مسجد کے قیام اور نماز کے نظام کو قائم کرنے کی فکر کرتا ہے کیونکہ نماز ایمان کی علامت اور مومن کی امتیازی شان ہے قرآن و حدیث میں بارہا نماز کے اہتمام پر زور دیا گیا ہے اور یہی عبادت بندے کے ایمان اور اس کے انجام کے درمیان واضح فرق پیدا کرتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ خوشی ہو یا غم، صحت ہو یا بیماری ہر حال میں نماز فرض ہے انسان کی زندگی کا آغاز اذان اور اقامت سے ہوتا ہے جو اس حقیقت کی علامت ہے کہ دنیا کی یہ مختصر زندگی دراصل آخرت کی دائمی زندگی کی تیاری کے لیے ہے اسی لیے مسجد کی تعمیر درحقیقت ایمان کی حفاظت نماز کے نظام کے قیام اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے اس موقع پر حضرت مولانا قاری رشید احمد اجمیری نے مسجد کی تعمیر کرنے والے)مخلص مخیر جناب عباس صاحب) کارکنان خدام اور ذمہ داران کے ساتھ ساتھ پوری امتِ مسلمہ بالخصوص عالمِ اسلام کی فلاح سلامتی اور اتحاد کے لیے خصوصی دعاء فرمائی بعد ازاں انہوں نے نمازِ مغرب کی امامت بھی فرمائی اجتماع کے آغاز میں حافظ محمد فہیم الدین منیری، ناظم مجلسِ تحفظِ ختمِ نبوت کاماریڈی نے خیر مقدمی کلمات پیش کیے اور مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ مولانا اعجاز حسین اشرفی صاحب امام و خطیب جامع مسجد مرکز نے مہمانِ مکرم کا تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی علمی تدریسی اور دینی خدمات سے حاضرین کو واقف کروایا واضح رہے کہ حضرت مولانا قاری رشید احمد اجمیری صاحب کی کاماریڈی آمد مولانا شیخ حسین صاحب ناظم مدرسہ اشرفیہ اسلام پورہ کاماریڈی کی دعوت پر عمل میں آئی۔
