مسجد اقصیٰ سے فلسطینیوں کو زبردستی نکالاگیا

,

   

اسرائیل کے توسیع پسند عزائم خطرناک نتائج کا باعث :القدس فاؤنڈیشن
القدس ۔ /7 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ سے فلسطینیوں کو نکالنا شروع کردیا ہے ۔ جبکہ مسلمانوں کے مذہبی رہنماؤں کو مسجد سے بے دخل بھی کیا جارہا ہے۔ القدس بین الاقوامی فاؤنڈیشن نے اسرائیلی حکام کے اس اقدام پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیلی حکام مسجد اقصیٰ پر بار بار دھاوے کررہے ہیں ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران اسلامی ادارہ اوقاف کے ملازمین ،مصلیوں اور پہرہ دینے والوں کو مسجد اقصیٰ سے باہر نکالا گیا ۔ القدس فاؤنڈیشن نے بیروت میں اپنے ہیڈکوارٹر سے بتایا کہ قدیم بیت المقدس شہر کے نیچے اسرائیل کی کھدائیوں کی وجہ سے ایک فلسطینی کا مکان منہدم ہوگیا ۔ مقدس شہر میں اسرائیل کے توسیع پسند عزائم اور تیزی سے آبادی تبدیل کرنے والے اقدامات خطرناک نتائج کا باعث بنیں گے ۔ فلسطینی ترجمان ابو نبیل ردینہ نے کہا کہ اسرائیلی حکام مشرق سے متعلق امریکہ کے امن منصوبہ کو مسترد کرنے کا انتقام فلسطینی عوام سے لے رہے ہیں ۔ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات قابل مذمت ہے ۔ اسرائیلیوں نے 4 فلسطینی نوجوانوں کو ہلاک کیا اور کئی زخمی ہوئے ہیں ۔