مسجد اقصیٰ میں عشا اور تراویح میں ڈیڑھ لاکھ فلسطینیوں کی شرکت

,

   

مقبوضہ بیت المقدس: مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کی دسویں شب عشا اور تراویح کی نماز میں ایک لاکھ 50 ہزار فلسطینی نمازیوں نے شرکت کی۔ بیت المقدس، اندرون فلسطین اور مغربی کنارے کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں فلسطینی جمعہ کے روز مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے ۔ فلسطین کے مختلف علاقوں سے بسوں کے ذریعہ سینکڑوں نمازی قبلہ اول پہنچے۔ زیادہ تر فلسطینی الناصرہ، طمرہ، ام الفحم، النقب اور دوسرے شہروں سے آئے۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے شمالی بیت المقدس میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ پہنچنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے چوکیوں پر رش لگ گیا اور فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول میں نماز کے لیے آنے سے روکنا اسرائیل کی مذہبی دہشت گردی اور فلسطینیوں کے خلاف مذہبی جنگ قرار دی جاتی ہے۔قابض حکام فلسطینیوں کو نہ صرف قبلہ اول میں نماز کی ادائی سے روکتے ہیں ، بلکہ انہیں مسجد اقصیٰ میں اعتکاف سے بھی منع کیا جاتا ہے۔ قبل ازیں جمعہ کی نماز میں ڈھائی لاکھ فلسطینیوں نے قبلہ اول میں با جماعت نماز ادا کی۔ فلسطینی شہری اسرائیلی پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں توڑ کر قبلہ اول پہنچے اور ماہ صیام کے دوسرے جمعہ کی نماز ادا کی۔