تمام گیٹس پر اسرائیلی پولیس تعینات، فلسطینیوں پر پابندی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کا حصہ
یروشلم ۔ 19 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ اگر فلسطینی عوام یروشلم میں واقع مسجد اقصیٰ کو نماز کیلئے آتے ہیں تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ وہ مملکت میں عوام کے اجتماع کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے۔ جمعہ کے پیش نظر اسرائیلی حکام کو اندیشہ ہے کہ فلسطینی عوام نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد اقصیٰ کا رخ کرسکتے ہیں۔ چنانچہ مسجد کے تمام گیٹس پر بھاری تعداد میں اسرائیلی پولیس تعینات کردی گئی ہے ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ اقدام اسرائیلی حکومت کی کورونا کے خلاف کوششوں کا حصہ ہے۔ تاہم یہی ذرائع نے نشاندہی کی ہے کہ اگر واقعی یہی معاملہ ہے تو حکام کو غیر قانونی مکینوں کے بڑے گروپس کو بھی مسجد میں گھسنے سے روکنا ہوگا، جو پولیس کے تحفظ میں چلے آتے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈائرکٹر مسجد اقصیٰ شیخ عمر الکسوانی نے مصلیوں سے ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کی رہنمائی کی تعمیل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی حکام ظاہر ہے کورونا وائرس کے مسئلہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی موجودگی کو گھٹانے کا منصوبہ بنارہے ہیں تاکہ وہ اس مقدس اسلامی مقام کو یہودیت کا رنگ دینے کے اپنے منصوبوں میں آسانی سے کامیاب ہوجائیں۔ ساتھ ہی الکسوانی نے باب المغربی کو بند کرنے پر بھی زور دیا ہے جسے اسرائیلی یہودی لوگ استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کورونا وباء پھیلنے کی اطلاع کے ساتھ ہی مسجد کے پورے احاطہ کو پہلے سے زیادہ صاف ستھرا رکھنے کے جتن کر رہا ہے ۔ اندرونی علاقہ میں چھت پر نماز کی ادائیگی موقوف کردی گئی ہے۔
