یروشلم : اسرائیلی بلدیہ نے مسجد اقصیٰ کے قریب یوسفیہ کے مقام پر مسلمانوں کے قدیم ترین قبرستان کو مسمارکردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق قبرستان میں 1948 ء سے 1967 ء کے درمیان شہید ہونے والے فلسطینیوں کی قبریں ہیں۔ واقعہ کے خلاف فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا اور اس دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق قابض اسرائیلی انتظامیہ پارک بنانے کے لیے قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنا چاہ رہی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی انتظامیہ نے 2016 ء میں بھی قدیم ترین باب رحمت قبرستان کی قبریں مسمار کی تھیں۔ ادھر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اور آن لائن کاروبار کی معروف ویب سائٹ ایمازون کے ملازمین نے اسرائیل سے معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایمازون اور گوگل کے 400 سے زائد ملازمین نے برطانوی اخبار میں شائع شدہ مشترکہ خط میں اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج اور اسرائیلی حکومت سے کیا گیا معاہدہ معطل کرے۔