مسجد الحرام، مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی معاونت کیلئے اے آئی سے چلنے والا روبوٹ

   

مکہ مکرمہ 22 مئی (ایجنسیز) جیسا کہ سعودی عرب میں حج کے آغاز کے لیے تیاریاں جاری ہیں تو اس سال عازمین ایک نئے ہائی ٹیک معاون کی خدمات حاصل کر سکیں گے جو مصنوعی ذہانت میں جدید ترین پیشرفت اور اسلامی روایات کو ایک دوسرے سے ملاتا ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مذہبی امور کی صدارت نے بدھ کے روز اے آئی سے چلنے والے منارۃ الحرمین روبوٹ کے اپ ڈیٹڈ دوسرے ورژن کی نقاب کشائی کی۔ اس اقدام کا مقصد حجاج کے روحانی تجربات کو بہتر کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی طاقت سے فائدہ اٹھانا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس میں کہا گیا، یہ روبوٹ مسجد الحرام میں مذہبی استفسارات کے لیے ایک معاون کے طور پر کام کرے گا۔ براہِ راست ویڈیو کالز کے ذریعے یہ نمازیوں اور دیگر زائرین کو مفتیان سے ملا سکتا ہے جو ان کے کسی بھی سوال کا جواب دے سکتے ہیں۔ روبوٹ کے اپ ڈیٹ کیے گئے ورڑن اور سافٹ ویئر میں حرمین الشریفین کے روایتی اسلامی نقوش اور فنِ تعمیر سے متاثر ڈیزائن شامل ہیں۔ ایوانِ صدر نے کہا، یہ صداقت، جدیدیت اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرتا ہے تاکہ معلومات تک آسان رسائی فراہم کرکے حجاج کے تجربات کو بہتر کیا جائے۔