مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میںنماز اورزیارت کے اجازت نامے

,

   

مدینہ منورہ ۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں روضہ شریفہ میں نماز اور زیارت کے اجازت نامے ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ گورنریٹ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے روضہ شریفہ میں نماز کے اجازت ناموں کا اجرا شروع کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کی سلامتی کے لیے ایس او پیز اور حفاظتی پابندیوں کے ساتھ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت ناموں کا اجرا کئی ہفتوں سے شروع کررکھا ہے۔سعودی وزارت داخلہ نے عمرہ پر تقریبا سات ماہ کی پابندی کے بعد کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے ساتھ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت ناموں کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی مسجد الحرام میں نماز، روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ رسول پر حاضری کے اجازت نامے جاری کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔ المرصد کے مطابق معاون سیکریٹری عمرہ عبدالرحمن شمس نے کہا کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے چار اجازت نامے جاری کیے جانے لگے۔ حرم شریف میں نماز، مسجد نبویﷺ کے روضہ شریفہ میں نماز، روضہ رسولﷺ پر سلام کے لیے حاضری اور عمرہ اجازت نامے جاری ہونے لگے۔عبدالرحمن شمس نے کہا کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرے کے اوقات منظم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ یہ ایپ اینڈرائڈ اور آئی او ایس پر مہیا ہے۔یادرہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے بعد عمرہ کی اجازت مرحلہ وار دی جارہی ہے اور آئندہ ماہ بیرونی ممالک کے افراد کو اجازت ملنے کا امکان ہے۔