مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں امیر کویت کی غائبانہ نماز جنازہ

   

مکہ مکرمہ: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی ہدایت پر کویت کے سابق امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی غائبانہ نماز جنازہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویؐ مدینہ منورہ میں ادا کی گئی ہے۔ شاہ سلمان نے اس سے قبل ٹوئیٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر تحریر کیا تھا کہ ’میں شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر اپنے پیارے بھائی، اچھے دوست اور قدرآور رہنما سے محروم ہوگیا ہوں‘۔ شیخ صباح کو الصلیفیخات قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل کویت میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں شاہی خاندان کے افراد اور خلیجی ممالک کی اہم شخصیات ہی شریک تھیں۔ شیخ صبح کا جسد خاکی امریکہ سے کویت ایرپورٹ پر چہارشنبہ کو ہی لایا گیا تھا۔ شیخ صباح الاحمد کی عمر 91 سال تھی اور وہ جولائی میں علاج کیلئے امریکہ گئے تھے۔