مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں 96.6 ملین نمازی، ایک کروڑ 56 لاکھ نے عمرہ کیا

,

   

ریاض۔ 12 مارچ (کے این واصف) مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باوجود حرمین شریفین کے روح پرور مناظر اور زائرین کی بھاری تعداد حیران کن ہے۔ رمضان المبارک میں ہمیشہ کی طرح حرمین شریفین میں تل دھرنے کی جگہ نہیں والا منظر ہے۔ حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہیکہ رمضان المبارک کے دوعشروں کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں زائرین اور نمازیوں کی مجموعی تعداد 9 کروڑ 66 لاکھ 38 ہزار 865 (96.6 ملین) رہی ہے۔ میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے داخلی دروازوں پر نصب حساس سینسرسسٹم کے ذریعہ حاصل کردہ ڈیٹا سے اعداد وشمار جاری کئے گئے ہیں۔ مسجد الحرام میں گزشتہ 20 دنوں میں 5 کروڑ 75 لاکھ 95 ہزار 401 افراد نے پانچوں وقت کی نماز اور تراویح ادا کی جبکہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 56 لاکھ 5 ہزار 86 رہی۔ مسجد نبویؐ میں 2 کروڑ 11 لاکھ 43 ہزار 259 افراد نے پانچ وقت کی نمازیں ادا کیں جبکہ روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں نوافل ادا کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 79 ہزار191 رہی۔روضہ رسولؐ پر ایک کروڑ 71 لاکھ 15 ہزار 928 افراد نے سلام عرض کرنے کیلئے حاضری دی۔