مکہ مکرمہ ۔مسجد الحرام میں نمازباجماعت کی باقاعدہ اجازت کے بعد پہلا جمعہ ادا کیا گیا ہے جس کی ایمان افروز مناظر پر مشتمل تصاویر سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل کررہی ہیں اور ساری دنیا سے ان مناظر کا مشاہدہ کرنے کے بعد عوام اطمینان کا اظہار کرنے کے علاوہ نیک تمناوں کا بھی اظہار کررہے ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام میں پہلے جمعہ کے موقع پر نمازیوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔ حرم مکی میں نماز کی باقاعدہ اجازت کے بعد کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیرکے تحت جمعہ کی نماز ادا کی گئی۔ ہر نمازی ایک دوسرے سے سماجی فاصلے کا لحاظ کرتے ہوئے کھڑا ہوا تھا۔مقدس مساجد کی انتظامیہ نے نمازجمعہ کا خصوصی اہتمام کیا تھا۔ مسجد الحرام پہنچنے پر نمازیوں کا استقبال حفاظتی تدابیر کے ساتھ کیا گیا۔حرم مکی میں جمعہ کی نماز کا موقع ملنے پر فرزندان اسلام نے اطمینان و سکون سے عبادت کی۔ نمازی نہ صرف یہ کہ مطاف کے صحن میں موجود تھے بلکہ دالانوں اور حرم مکی کی نئی عمارتوں میں بھی اپنی اپنی جا نمازیں لئے جمعہ ادا کررہے تھے۔یادر ہے کہ کورونا بحران کے دوران حالات بہتر ہونے پر سعودی عرب کی جانب سے عمرہ کو مرحلہ وار بحال کیا جارہا ہے جس کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوا ہے اور اب دوسرے مرحلہ جاری ہے جس کے بعد تیسرے مرحلے میں بیرونی ممالک کے افراد کو بھی اجازت ہوگی۔