مسجد الحرام میں اس بار الگ الگ افطار کا اہتمام

   

مکہ مکرمہ:سعودی عرب میں آج تیسرا روزہ ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا وبا کی وجہ سے ماضی والی رونقیں نظر نہیں آ رہی ہیں۔ کورونا وبا سے پہلے حرم مکی اور مسجد نبوی میں سینکڑو ں میٹر لمبے افطار دستر خوان بچھائے جاتے تھے،جن پر درجنوں قسم کے شاندار پکوان موجود ہوتے تھے۔ لاکھوں افراد بیک وقت ان مقدس مقامات پر روزہ افطار کرنے کی سعادت حاصل کرتے تھے۔تاہم اب ایسا ممکن نہیں رہا ہے۔ ان دنوں روزہ دار مسجد الحرام میں صرف کھجور اور زم زم کے ساتھ روزہ افطار کر رہے ہیں۔ وبا کے باعث روزہ داروں کو انفرادی طور پر الگ الگ بٹھا کر روزہ افطار کروایا جا رہا ہے۔ اس بار اجتماعی افطار بالکل ممکن نہیں رہا ہے۔ روزہ داروں کو مکہ کی نمائندہ سقایہ و رفادہ کمیٹی کے تعاون سے انفرادی طور پر کھجوریں فراہم کی جا رہی ہیں تاہم سحری کے لیے کھانا تقسیم کرنے یا لانے کی اجازت نہیں۔