ریاض (کے این واصف): سعودی عرب میں مقدس مساجد کے امور کی جنرل پریذیڈنسی والدین سے علیحدہ ہونے والے بچوں کو گم ہونے سے بچانے کیلئے کلائی بینڈز تقسیم کر رہی ہے۔یہ کلائی بینڈ بچے کا نام اور ان کے والدین کے رابطہ نمبر دکھاتا ہے تاکہ حکام کو والدین سے علیحدہ ہونے والے بچوں تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔ جنرل پریذیڈنسی میں سماجی، رضاکارانہ اور انسانی خدمات کے انڈر سکریٹری جنرل خالد بن فہد الشلوی نے میڈیا کو بتایا کہ ’ یہ اقدام والدین اور ان کے بچوں کو اطمینان سے عبادت کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے‘۔ ایک ماہر نفسیات عبدالرحمن الزھرانی نے کہا کہ ’والدین اپنے بچوں کے ساتھ مسجد الحرام جانے کے بارے میں بہت فکر مند رہتے تھے کیونکہ وہ ان کے ہجوم میں گم ہو جانے کے بارے میں فکرمند تھے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ اسمارٹ بینڈز نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ؐکے زائرین کے آرام میں مدد فراہم کی اور انہیں مناسب اور تسلی بخش خدمات فراہم کیں‘۔مسجد الحرام کی ایک رضاکار رانیا چودھری نے کہا کہ ’ انیشیٹو میں استعمال ہونے والی تکنیک بہت سے مسائل کو حل کرنے میں معاون ہے۔ (مثال کے طور پر) مسجد الحرام سے متصل ہوٹل وزارت تعلیم کے زیر نگرانی خصوصی کنڈرگارٹن میں بچوں کا استقبال کر رہے ہیں۔ کنڈرگارٹنز کی نگرانی حکام کرتے ہیں اور ان میں سکیورٹی کیمرے نصب ہوتے ہیں‘۔