مکہ مکرمہ: مسجد کے مینار اسلامی فن تعمیر کی اہم علامتوں میں سے ایک ہیں، ان کے ڈیزائن مختلف ہوتے ہیں۔ مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام کے مینار خاص اہمیت کے حامل ہیں۔مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع کے بعد اس کے میناروں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ یہ مینار اسلامی فن تعمیر کا شاہکار ہیں۔حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی کے مطابق مسجد الحرام کے 13 مینار ہیں، ان سب کے ڈیزائن ایک جیسے ہیں لیکن یہ اونچائی میں مختلف ہیں۔ان میں باب العمرہ پر 2 مینار ہیں، ہر ایک کی لمبائی 137 میٹر ہے۔ باب ملک عبدالعزیز پر دو مینار 137 میٹر طویل ہیں۔ اس کے علاوہ باب شاہ فہد پر 2 مینار ہیں، ہرایک کی لمبائی 98 میٹر ہے۔ باب صفا پر ایک مینار 98 میٹر اونچا ہے۔ اسی طرح باب الفتح پر 2 مینار 137 میٹر بلند ہیں۔ نئی سعودی توسیع والے حصے میں چار مینار ہیں اور ان میں ہر ایک کی لمبائی 135 میٹر ہے۔