پولیس میں وقف بورڈ کی شکایت ، ریونیو عہدیداروں کو ریکارڈ حوالے
حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) چوٹ اپل کے علاقہ میں مسجد الماس کے تحت اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کی کوشش کو تلنگانہ وقف بورڈ نے ناکام بنادیا۔ اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کی گئی ۔ واضح رہے کہ مسجد الماس کے تحت تقریباً 400 ایکر اراضی درج اوقاف ہے۔ اراضی کے بیشتر حصہ پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں اور پہانی اور پٹہ میں نام شامل کرتے ہوئے وقف اراضی پر قبضہ کیا گیا۔ مسجد کے روبرو تقریباً ڈھائی ایکر اراضی پر قابضین کی نظریں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں تعمیری سرگرمیوں کا آغاز کرنے کیلئے مسجد کے روبرو کھدائی شروع کی گئی تاکہ پلرس تعمیر کئے جائیں ۔ مقامی افراد کی شکایت پر صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ڈی ایس پی خواجہ معین الدین کی قیادت میں ٹاسک فورس ٹیم کو روانہ کیا ۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرایا جس کے بعد تعمیری سرگرمیوں کو روک دیا گیا۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے مسجد الماس اور متصل اراضی کا معائنہ کیا اور مقامی افراد کو یقین دلایا کہ اراضی کا بہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ وقف بورڈ کی جانب سے متعلقہ ریونیو عہدیداروں اور ایم آر او کو وقف ریکارڈ کی تفصیلات پیش کی گئیں تاکہ مستقبل میں غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کی کارروائی کی جاسکے۔ اراضی کی حصار بندی کیلئے وقف بورڈ کی جانب سے اقدامات کئے جائیں گے۔