مسجد حرام میں عمرہ کیلئے آنے والے غیر مجاز افراد کی نشاندہی

   

ریاض۔ سعودی عرب کے نائب وزیرحج وعمرہ ڈاکٹرعبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے بتایا ہے کہ حرم مکی میں معتمرین کے استقبال کے لیے قائم کردہ مراکز میں نمازیوں اور معتمرین میں غیر مجاز افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے کی جانے والی نشاندہی سے پتا چلا ہے کہ حرم مکی میں ایسے افراد بھی داخل ہوئے ہیں جن کے پاس حرم میں داخل ہونے کا اجازت نہیں اور دیگر کوائف نہیں تھے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر سلیمان مشاط نے بتایا کہ حرم مکی میں داخلے کے حوالے سے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی نشاندہی پر فوری طور پر متعلقہ اداروں کو مطلع کیا گیا جنہوں نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کر کے انہیں حرم کی حدود سے باہر نکال دیا۔سعودی عرب کے نائب وزیر حج کا کہنا ہے کہ حکومت بیت اللہ میں عمرہ کی سعادت کے حصول اور نماز کی ادائی کے لیے آنے والے مسلمانوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔