مسجد حرام میں 21 ویں شب: نماز تراویح اور تہجد کی ادائیگی

,

   

ریاض : مکہ مکرمہ میں گذشتہ رات رمضان کی 21 ویں شب کے موقع پر لاکھوں افراد نے نماز تروایح اور تہجد کی نماز ادا کی۔ اس سلسلے میں جمعرات کی صبح سے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے مسجد حرام کا رخ کیا اور بہت جلد مطاف کا صحن ، کھلے مقامات اور راہ داریوں کے علاوہ حرم شریف آنے والے راستے بھی بھر گئے۔حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں اور معتمرین کے لیے بہترین خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس میں صفائی ، جراثم کش چھڑکاؤ اور خوشبوؤں کی دھونی وغیرہ شامل ہے۔ اس کام کے لیے کم از کم 3500 مرد اور خواتین کارکنان چوبیس گھنٹے مصروف عمل رہتے ہیں۔ ان کے پاس دھلائی کی 12 مشینیں، صفائی کے 679 آلات اور حرم شریف کے اندر اور باہر تقسیم کیے گئے 3000 سے زیادہ کچرے دان ہیں۔ اسی طرح مسجد حرام میں آنے والوں کے لیے بیت الخلا کے حوالے سے بھی پوری خدمات میسر ہیں۔ اس کے علاوہ قالینوں کی تعداد بھی کئی گنا بڑھا دی گئی ہے۔انتظامیہ نے چوبیس گھنٹے زمزم کے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ حرم شریف میں آمد و رفت آسان بنانے کے لیے دروازوں کا نظام پوری طرح فعال ہے۔ عمر رسیدہ اور خصوصی افراد کے لیے الگ راستے متعین ہیں۔اسی طرح حرم شریف میں برقی زینوں اور لفٹوں کا نظام بھی بخوبی چل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ایئرکنڈیشننگ، روشنی اور صوتی نظام بھی مسلسل زیر نگرانی ہے۔حرم شریف کی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کے ساتھ خصوصی منصوبہ بندی کی ہے تا کہ مسجد حرام اور اس کے اطراف لوگوں کے ہجوم کا منظم رکھا جا سکے۔ اس سلسلے میں موقع محل کے اعتبار سے کئی زبانوں پر مشتمل رہنما بورڈ نصب ہیں اور رہنمائی کے لیے مخصوص افراد بھی موجود ہیں۔ یہ افراد کئی زبانوں میں زائرین اور نمازیوں کو رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔