جدہ ۔ 12 جنوری (ایجنسیز) مکہ بس منصوبے کے تحت ایک نیا روٹ شروع کردیا گیا ہے جو مسجدِ حرام کوحرا کلچرل ڈسٹرکٹ سے جوڑتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مذہبی اور ثقافتی مقامات کے درمیان بہتر رابطہ فراہم کرنا ہے۔ یہ اطلاع سعودی پریس ایجنسی نے دی۔ نئے روٹ کے ذریعے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی، جہاں نمائشِ وحی، میوزیمِ قرآنِ کریم، مختلف تعلیمی مراکز اور غارِحرا شامل ہیں۔ یہ توسیع مکہ بس نیٹ ورک کا حصہ ہے، جو اب 12 روٹس، 400 بسوں اور 431 اسٹیشنوں پر مشتمل ہے۔ یہ نیٹ ورک 580 کلومیٹر کے علاقے کا احاطہ کرتا ہے اور اب تک 4 ملین سے زائد سفروں کے ذریعے 188 ملین سے زیادہ مسافروں کو خدمات فراہم کر چکا ہے۔ یہ روٹ رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ کے تحت نافذ کیا گیا ہے اور اس کا انتظام جنرل ٹرانسپورٹ سنٹرکے پاس ہے، جو مکہ کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی منصوبہ بندی، نگرانی اور خدمات کی ذمہ داری سنبھالتا ہے۔ مکہ بس منصوبہ مقدس شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کو جدید بنانے کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں اور زائرین کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور مؤثر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ بس روٹس مرکزی شاہراہوں، ذیلی سڑکوں اور رہائشی علاقوں کو آپس میں جوڑتے ہیں، جس سے خانگی گاڑیوں پر انحصارکم، ٹریفک ہجوم اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی متوقع ہے۔ یہ منصوبہ شہریوں اور حجاج کرام کے لیے عالمی معیارکا عوامی ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے اور سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت پِلگرم ایکسپیرینس پروگرام کا حصہ ہے۔
