ریاض : مسجد حرام کی لائبریری نے عربی زبان کے لیے کتب کا ایک بڑا حصہ مختص کیا ہے جس میں اس کے مختلف علوم و فنون شامل ہیں۔ لائبریری میں عربی زبان وادب اور اس کے دیگر علوم پر 8000 سے زائد جلدیں موجود ہیں۔یہ تفصیلات عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر سامنے آئی ہیں جو اس سال عربی زبان اور تہذیبی رابطے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔لائبریری میں عربی زبان کے اہم ترین ماخذ، حکایات، عربی زبان کی امہات کتب اور حوالہ جات تشنگان علم،تحقیق وجستجو کرنے والے ماہرین، محققین، اور طلبا کی خدمت کے لیے پیش کی گئی ہیں تاکہ یہ لائبریری ان کی اولین منزل قرار پائے۔ سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس شعبہ میں عربی زبان کے علوم گرامر، صرف، نحو، بلاغت، ادب اور دیگر علوم پر مشتمل کتب کا وسیع ذخیرہ موجود ہے جس میں ابن عقیل کی الفیہ ابن مالک پر تفسیری کتاب اور بہت سے ایسے حوالہ جات شامل ہیں جو فقہی گرامر کے اطلاق سے متعلق ہیں۔ان میں ابن ہشام کی شذور الذہب فی معرف آلام العرب کو خاص اہمیت حاصل ہے جبکہ مخطوطہ مرکز لائبریری کوعربی زبان کے ہزاروں متنوع نسخوں کے حوالے سے ممتاز کرتا ہے۔ اس میں چھ جلدوں پر مشتمل لسان العرب مخطوطہ، دیوان العشاری مخطوطہ اور دیگر متنوع اور نایاب نسخے ملتے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہیکہ صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین ان نایاب کتب اور علمی ذخیرے کو اکٹھا کرنے کی خواہاں ہے اور اس کا کریڈٹ بھی اسی کو جاتا ہے تاکہ عربی زبان کی حمایت ، تحفظ اور تنوع پیدا کیا جا سکے۔ اس کے سائنسی اور علمی ذرائع محققین، دلچسپی رکھنے والے افراد اور طالب علموں کی بہتر انداز میں علمی ذخیرے سے خدمت کی جا سکے۔عربی زبان کا عالمی دن ہر سال 18 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد اس اہم کردار کی تصدیق کرنا ہے جو ثقافتی رابطے کے لیے پل کا کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے اور لوگوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کا ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔یہ عربی زبان صرف رابطوں کے فروغ کا ذریعہ نہیں بلکہ قرآن کی زبان ہے۔