مسجد روئے زمین پر سب سے مقدس مقام

   

لنگم پیٹ میں مسجد قادریہ کا افتتاح ، محمد معین احمد قادری کی خدمات پر مبارکباد ، علماء کا خطاب

یلاریڈی /7 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل لنگم پیٹ مستقر پر 5 فروری بروز پیر کو مسجد قادریہ کا افتتاح جناب محمد معین احمد قادری ، ہائی کورٹ ایڈوکیٹ کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب ابوالحسن علی رضوی القادری نے کہا کہ روئے زمین پر اللہ کا گھر تعمیر کرنا بہترین و انتہائی نیک عمل ہے ۔ مسجد کی تعمیر کا کام خوش نصیبوں اور فراخدل ، سخی حضرات سے اللہ رب العزت لیتا ہے۔ متوطن لنگم پیٹ جناب محمد معین احمد قادری کی بے لوث خدمات کا ذکر کرتے ہوئے لنگم پیٹ کی جامع مسجد قادریہ مسجد اور عیدگاہ پر تعمیراتی کاموں کیلئے ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے کی کثیر رقم کا عطیہ دینے پر ان کے جذبہ کو سراہا اور قادریہ مسجد کی تعمیر میں موصوف کی غیر معمولی دلچسپی سے کثیر رقم تعاون کرکے تمام سہولتوں کے ساتھ عالیشان طریقہ سے تیار کرنے پر انہیں مبارکباد دی ۔ مفتی وزیر بیگ رضوی خطیب و امام مسجد قادریہ نے اپنے خطاب میں مسجد کو زمین پر تعمیر کرنے کا عمل سب سے اعلی ہے ۔ زمین پر اللہ کے گھر کو تعمیر کرنے والے کو اللہ رب العزت اس کیلئے جنت میں گھر تعمیر کرتا ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ زمین پر اللہ کے گھر کی تعمیرات کتنی افضل عبادت ہے ۔ اللہ تعالی اپنے گھر کی تعمیر کا کام صرف اپنے محبوب بندوں سے ہی لیتا ہے ۔ واضح رہے کہ جناب معین احمد قادری ، منڈل بھر میں بلا لحاظ مذہب و ملت سماجی ، مذہبی خدمات انجام دیتے آرہے ہیں ۔ جس کی کہیں نظیر نہیں ملتی ۔ منڈل مستقر کے مسلمانان جناب محمد عبدالقدیر ، احمد حسین ، محمد عبدالوہاب ، سعداللہ ، محمد سلمان رضا ، غلام محمد فتح الدین ، جمیل ، نعیم ، رفیق ، ابراہیم ، سراج ، راشد ، عبدالقیوم ، معز، عبدالقدوس ، حفیظ اور دوسروں نے جناب محمد معین احمد قادری اور ان کے فرزندان مفید قادری ، مشہید قادری کو شال پوشی و گلپوشی کرکے تہنیت پیش کی اور ان کے حق میں دعاء کی ۔