کریم نگر /17 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسجد صالح نگر ریکرتی میں بعد نماز فجر مدرسہ صباحیہ کے تحت دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کا انجمن پروگرام منعقد ہوا ۔ جلسہ کی صدارت محمد یوسف وظیفہ یاب سب انسپکٹر نے کی جبکہ مسعود علی اکبر جنرل سکریٹری مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کریم نگر مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے ۔ جلسہ کے آغاز میں عرشیہ خاتون نے قرات کلام پاک پیش کی ۔ جناب مسعود علی اکبر نے نعت شریف پیش کی ۔ بعد ازاں طلباء و طالبات نے احادیث معہ ترجمہ ، نماز ، ایمان اور سیرت النبی ﷺ پر مشتمل تقاریر کیں ۔ دینی سوالات پر مشتمل کوئز مقابلے منعقد کئے گئے ۔ اس انجمن پروگرام میں صالح نگر کے علاوہ شیواجی کالونی اور شیخان نگر کے طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔ مسجد صالح نگر میں دینی تعلیم کے علاوہ انگریزی میڈیم کے طلباء کیلئے اردو پڑھنا اور سکھانے کا نظم بھی کیا گیا ہے جس کے کوآرڈینیٹر جناب محمد سعید الدین ہیں ۔ اس سال جملہ 25 طلباء و طالبات کو ادارہ ادبیات و عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے منعقد کردہ اردو دانی امتحانات کامیاب کرنے پر جناب سعود علی اکبر کے ہاتھوں سرٹیفکیٹس عطا کئے گئے ۔ اس پروگرام میں جملہ 130 بچوں نے حصہ لیا ۔ مسجد صالح نگر و مسجد شیخہ بی کالونی کے سرپرست شیخ سالم صاحب بن شیخان صاحب کی جانب سے پروگرام میں حصہ لینے والے تمام طلباء و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ تمام شرکاء کو ناشتہ کا انتظام بھی کیا گیا ۔ صالح نگر کے ذمہ داران ، جناب شمیم احمد ، حافظ احمد ،عبدالقدیر ، محمد شاہد احمد ، محمد اقبال ، حافظ عبدالحمید ، اور ڈاکٹر خطیب الدین وغیرہ پروگرام میں موجود تھے ۔ آخر میں حافظ سید امجد ، امام مسجد افضل بی نے دعاء کی ۔ جناب محمد سعید الدین کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔