بی آر ایس کو کامیاب کرنے کی اپیل، عادل آباد میں جو گورامنا کا خطاب
عادل آباد ۔ 24 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر عادل آباد کی مسجد عثمانیہ میں کامپلکس تعمیر کے لئے مزید دس لاکھ روپے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے ذاتی فنڈ سے دینے کا تیقن عادل آباد رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار جوگو رامنا نے مسجد عثمانیہ کے روبرو مسجد کمیٹی کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب کے دوران دیا۔ قبل از جاری کردہ 20 لاکھ روپیوں سے تعمیری کام کے بعد مسجد عثمانیہ کمیٹی کے مطالبہ پر پانچ لاکھ روپے منظور کئے گئے جس کے کام کا آغاز بھی عنقریب ہوگا۔ تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کرنے کے بعد جوگو رامنا جلسہ عام سے مخاطب تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بی آر ایس پارٹی کے انتخابی نشان کار کو ووٹ ڈالنے کا سامعین کو مشورہ دیتے ہوئے آئندہ پانچ سال کے لئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت ریاست میں قائم کرنے کی خواہش کی۔ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبودگی کی خاطر جاری مختلف اسکیمات کا تذکرہ کیا اور عثمانیہ مسجد کی زائد از 28 سال سے برقرار کمیٹی کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ مسجد عثمانیہ کی کمیٹی عادل آباد کے دیگر مساجد کے لئے ایک مثال ہے۔ اس تقریب میں کمیٹی صدر محبوب خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شال پوشی گلپوشی کے ذریعہ مبارکباد پیش کی۔ آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد مزید دس لاکھ روپے اپنے ذاتی فنڈ سے جاری کرنے کا تیقن دیا۔ قبل از وارڈ نمبر 44 متعلقہ بلدیہ کونسلر شیخ عمران، میناریٹی ڈسٹرکٹ صدر محمد ظہور الدین، بی آر ایس پارٹی ضلع سکریٹری سید ساجد الدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کا آغاز مسجد عثمانیہ امام خطیب مولانا اسلام الدین کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ اس تقریب میں بلدیہ کونسلر قاضی سلیم الدین، روہیت، جبار خان پٹھان، شیخ مصطفی، انور خان، عبدالقادر، شیخ انور صدیقی و دیگر موجود تھے۔ قبل از جوگورامنا، سید ساجد الدین، محمد ظہور الدین، شیخ عمران، سلیم الدین روہیت کی مسجد کمیٹی کی جانب سے گلپوشی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔