حیدرآباد 17 ستمبر ( سیاست نیوز ) بین مذہبی یکجہتی کے طور پر چلکور بالاجی مندر کے صدر پرجاری سی ایس رنگاراجن نے ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کی جانب سے میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مسجد محمدحسین راجندر نگر میں منعقدہ خون کے عطیہ کیمپ میں شرکت کی ۔ خون کے عطیہ کا یہ کیمپ ایم این جی کینسر ہاسپٹل میں زیر علاج بچوں کو خون فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ۔ کینسر کا شکار بچوں کو اور شدید لیوکیمیا کا شکار بچوں کو وقفہ وقفہ سے خون کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ان کو کیمو تھراپی کے بعد بھی خون درکار ہوتا ہے ۔ ایم این جے کینسر ہاسپٹل سے دستیاب اطلاعات کے مطابق دواخانہ میں یومیہ 100 یونٹ خون درکار ہوتا ہے جہاں سالانہ تقریبا 2500 بڑی اور 4000 چھوٹی نوعیت کی سرجریز کی جاتی ہیں۔ ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن اور چلکور مندر کی جانب سے گذشتہ پانچ برسوں سے بین مذہبی مذاکرات ‘ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ اکثریت اور اقلیت کے مابین تقسیم کو ہوا دینے کئی گوشے سرگرم ہیں اور نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ مندر کے صدر پجاری رنگا راجن اور ایچ ایچ ایف کے بانی مجتبی حسین عسکری عثمانیہ یونیورسٹی کے ساتھی طالب علم ہیں اور ایک دلت خاتون کو آلہ سماعت کی فراہمی کے دوران ایک دوسرے سے دوبارہ جڑے تھے ۔ ایچ ایچ ایف کی جانب سے 2019 میں آلہ سماعت کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی ۔