مدھیہ پردیش کے جبل پور میں مسلمانوں کے گھروں کو آگ لگادی گئی ،تاحال کوئی کارروائی نہیں
بھوپال ۔ 22 فبروری (ایجنسیز) مدھیہ پردیش کے جبل پور میں مسجد میں نماز تراویح ادا کرنے والے مسلمانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ جھڑپ عبادت گاہوں میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے معاملے پر تنازعہ کے بعد ہوئی۔ دوسری جانب مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ جن افراد نے مبینہ طور پر مسلمانوں کے گھروں کو آگ لگائی، مذہبی نعرے لگاتے ہوئے گھروں میں داخل ہوئے اور رقم لوٹی، ان کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ضلع جبل پور کے علاقہ سیروہی میں جہاں اقلیتی برادری کی کثیر تعداد آباد ہے وہاں مقامی ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر حملہ مسلمانوں کو نشانہ بنا کر حملہ کیا گیا، جس کے دوران ان کے گھروں کو لوٹا گیا، توڑ پھوڑ کی گئی اور آگ لگا دی گئی۔ بتایا جاتا ہیکہ نقاب پوش افراد مذہبی نعرے ’’جے شری رام‘‘ لگاتے ہوئے علاقے میں داخل ہوئے اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔اطلاعات کے مطابق تشدد کے دوران تیزدھاری ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کا بھی استعمال کیا گیا۔ مسلم خاندانوں کو ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان کے باوجود رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں بدامنی سے متعلق الزامات کے تحت 49 مسلم افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس صورتحال نے مقامی لوگوں میں تشدد کی نوعیت اور بعدازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار پر سنگین خدشات اور سوالات پیدا کر دیئے ہیں۔