ریاض ۔ 24 جولائی (کے این واصف) مسجد نبویؐ میں دیکھ ریکھ، خصوصاْ قالینوں کی صفائی کا خصوصی خیال رکھا جاتاہے ۔مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے دیکھ بھال کے امور کی جنرل اتھارٹی نے ایک حالیہ بیان میں بتایا کہ مسجد نبویؐ میں قالینوں پرخصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مسجد میں 25 ہزار سے زیادہ قالین بچھائے گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق ان میں 14 ہزار سے زیادہ صحنوں، 6 ہزار 150 راہداریوں اور 5 ہزار 500 قالین مسجد کی چھت پر بچھائے گئے ہیں۔ مسجد نبویؐ میں بچھائے گئے ہر قالین میں ایک آر ایف آئی ڈی الیکٹرانک چپ نصب ہے جو اس کے ڈیٹا، لوکیشن، اس کے بننے کی تاریخ، واشنگ شیڈول، مسجد اور بیرونی حصوں میں قالینوں کی موومنٹ کو ٹریک کرنے میں مدد کرتی ہے۔ مسجد نبویؐ میں دن میں 3 مرتبہ قالینوں کی صفائی کی جاتی ہے جبکہ 1600 لیٹر جراثیم کش مواد کا اسپرے استعمال کیا جاتا ہے۔ قالینوں کو معطر کرنے کیلئے 200 لیٹر خوشبودار مواد کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 150 قالین یومیہ بنیاد پر دھوئے بھی جاتے ہیں۔