مسجد نبویؐ میں ترقیاتی منصوبوں کو منظوری

,

   

مدینہ ۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام )خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے مسجد نبویﷺ میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ شاہ سلمان نے مسجد نبویﷺ اور اس سے ملحقہ حصوں میں میں ساؤنڈ سسٹم کے جدید فنی نظام کے علاوہ الیکٹرو مکینیکل سسٹم کی تجدید کی منظوری دی ہے۔مسجد نبوی ﷺ اور اس کے ملحقہ حصوں کے علاوہ سروس مراکز اور پارکنگ ایریا میں بھی ایرکنڈیشن کے جدید نظام پرکام ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین کی طرف سے نئے منصوبوں کی منظوری اس بات کی عکاسی ہے کہ شاہ سلمان حرمین شریفین کی خدمت کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔حرمین شریفین کے ترقیاتی منصوبے امت کے مجموعی مفاد کے لیے ہیں جن کا فائدہ بہرحال زائرین حرمین کو ہوگا۔شیخ عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ کے تحت کام کرنے والی فنی کمیٹیاں ہمیشہ بہتر سے بہتر خدمات اور معیار کے لیے اپنی سفارشات پیش کرتی رہتی ہیں جنہیں شاہ سلمان کی سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کا مقصد ایک طرف حرمین شریفین کی خدمت ہے اور دوسری طرف زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا مقصود ہے۔