مدینہ منورہ : سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے پر مسجد نبویؐ انتظامیہ کے دو اعلی عہدیداروں کو سبکدوش کیا ہے۔ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد نبویؐ میں ائمہ اور مؤذن حضرات کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر اور سیکریٹری کو ان کے عہدوں سے سبکدوش کیا ہے۔مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی کے سیکریٹری کو دونوں عہدوں کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ انہیں ادارے کی تنظیم نو کا کام بھی سپرد کیا گیا ہے۔ڈاکٹر السدیس نے اس موقع پر پالیسی بیان میں کہا کہ ترقیاتی پروگرام 2024 کے مطابق ترقیاتی عمل میں کسی کی کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سب مطلوبہ طریقے سے ڈیوٹی دیں۔ کام میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور لاپروائی کو قریب نہ پھٹکنے دیں۔