مسجد نبویؐ کے بیرونی صحن میں غلطی سے دو غیر مسلم خواتین کی آمد

   

ریاض : مسجد نبوی ؐانتظامیہ نے کہا ہیکہ منگل کو دو غیر ملکی اور غیر مسلم خواتین مسجد نبویؐ کے بیرونی صحن میں غلطی سے داخل ہوئی تھیں جنہیں سکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا تھا۔ حرمین شریفین کی عمومی صدارت کے زیرانصرام مسجد نبویؐ امور کی دیکھ بھال کرنے والی ایجنسی نے ایک اخبار میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ’مذکورہ خواتین مقدس مقام کیلئے مناسب لباس نہیں پہنی تھیں۔ مذکورہ غیرمسلم مغربی خواتین غلطی سے مسجد نبویؐ کے بیرونی صحن میں داخل ہوئی تھیں۔انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اس جگہ ان کو داخلہ کی اجازت نہیں ہے نہ ہی اس بات کا اندازہ تھا کہ یہ مقدس مقام ہے جس کیلئے مناسب لباس زیب تن کرنا ضروری ہے۔انتظامیہ نے کہا ہیکہ ’انہیں جب صورتحال سے آگاہ کیا گیا تو انہوں نے غلطی پر معذرت کی اور شکریہ ادا کرتے ہوئے واپس چلی گئیں۔ مستقبل میں اس طرح غلطی نہ ہونے کیلئے انتظامیہ غیر ملکی سیاحوں میں آگاہی مہم چلا کر اہم مقامات کے تقدس سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ مسجد نبویؐ انتظامیہ کے مطابق ’مسجد نبویؐ کے تقدس کو یقینی بنانے اور زائرین کی خدمت کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا‘۔