مسجد نبویؐ کے زائرین کو محفوظ رکھنے کورونا اسکیم متعارف

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی عرب میں مقدس مساجد کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد نبوی ﷺکے زائرین کی صحت و سلامتی کو انتہائی حد تک یقینی بنانے کے لیے کورونا وائرس کے انسداد کی اسکیم کا افتتاح کیا ہے۔اس موقع پر سیکریٹری انتظامیہ برائے مسجد نبوی ڈاکٹر محمد الخضیری، معاون سیکریٹری عبدالعزیز الایوبی بھی موجود تھے۔ ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ نئی اسکیم کا مقصد مسجد نبویﷺ میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ اس مقصد کے لیے اوزون سینیٹائزنگ سسٹم نافذ کیا جارہا ہے۔ یہ بین الاقوامی معیارکا ہے۔ عالمی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صحت حکام کی ہدایت پرعمل کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر السدیس نے تمام زائرین سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی ماسک پہن کر آئیں۔ مسلسل سینیٹائزنگ کا اہتمام کریں اور سماجی فاصلے کا احترام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ، وزارت صحت اور مکہ مکرمہ گورنریٹ کے درمیان زائرین کی خدمت عمدہ طریقے سے انجام دینے اور وبا سے بچاؤ کے لیے آگہی مہم کے حوالے سے کئی معاہدے کیے جاچکے ہیں۔ متعلقہ فریقوں کو یہ معاہدے موثر شکل میں نافذ کرنا ہوں گے۔ السدیس نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی یہ اسکیم مقدس مساجد کے زائرین کو پیش کی جانے والی سعودی خدمات کی روشن مثال ہے۔