تراویح میں تکمیل قرآن کے موقع پر تقریب ، 4خوش نصیب طلبہ کو تکمیل حفظ کا اعزاز
سنگاریڈی 28 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) النعمان ایجوکیشنل ٹرسٹ سنگاریڈی کے زیر اہتمام مسجد نعمانیہ، گنج میدان، سنگاریڈی میں ماہ رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں نماز تراویح میں مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی کی امامت میں تکمیل قرآن مجید کے موقع پر ایک ’’ جلسہ عظمت قران مجید ‘‘کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مولانا محمد عتیق احمد قاسمی ناظم مدرسہ گلشن خیر النساء ظہیر آباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نماز تراویح رمضان المبارک کی خصوصی عبادت ہے اور اس میں قرآن مجید کا پڑھنا اور سننا حضرت جبرائیل علیہ السلام اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول رہا تھا لہذا مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کے پورے دن نماز تراویح کا اہتمام اور کم از کم ایک قران مجید تراویح میں سننے کا معمول بنانا چاہئے۔ اس موقع پر مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگاریڈی کے چار خوش نصیب طلباء حافظ سید محمد علی، حافظ سید محمد، حافظ محمد عبدالرحمن اور حافظ محمد اویس کا آخری سبق سن کر تکمیل حفظ قران مجید کی سعادت سے نوازا گیا۔ مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے کہا کہ قرآن کا حفظ کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔ وہیں حفظ قران ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے، اس کو یاد رکھنا اور اس پر عمل کرنا دوسروں کو قرآن کے مطابق عمل پر لانے کی فکر و محنت کرنا اور حافظ قران کو باوقار اور مثالی زندگی گزارنا چاہیے مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے اولیائے طلباء ، اساتذہ، معاونین اور شرکائے جلسہ کو مبارکباد پیش کی۔ مذکورہ طلباء کے حافظ بننے میں آپ سب کا بھی تعاون شامل رہا ہے اور آئندہ بھی مدرسہ عربیہ نعمانیہ کی ضروریات میں پہلے سے زیادہ تعاون رہے گا۔ اس موقع پر عامتہ المسلمین کثیر تعداد میں موجود تھے۔