مسجد کمیٹی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلینج کیا اور کہا، ہائی کورٹ کا فیصلہ حقائق اور قانون کی بنیاد پر درست نہیں

   

نئی دہلی:شاہی عیدگاہ کیس میں نیا موڑ آیا ہے۔ شاہی عیدگاہ مسجد کمیٹی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ عیدگاہ کمیٹی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے جس میں اس نے شری کرشن جنم بھومی معاملے میں متھرا کی ٹرائل کورٹ میں چل رہے تمام مقدمات کو اپنے پاس منتقل کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کیس سے متعلق تمام معاملات اب ہائی کورٹ میں ہوں گے۔شاہی عیدگاہ مسجد کمیٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں ہائی کورٹ کے 26 مئی کے حکم پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ حقائق اور قانون کی بنیاد پر درست نہیں۔ یہی نہیں، ہائی کورٹ کا فیصلہ درخواست گزار کے اپیل کے قانونی حق کی نفی کرتا ہے کیونکہ اس سے مقدمے کی اپیل کے دو مراحل ختم ہو جاتے ہیں۔ معلوم ہو کہ ہندو فریق پہلے ہی اس معاملے میں سپریم کورٹ میں کیویٹ پٹیشن داخل کر چکا ہے۔