انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے منگل کو ضلع کورٹ میں دعوی کیا کہ گیان واپی مسجد وقف کی پراپرٹی ہے ۔ نیز اس نے یہ بھی دلیل دی کہ مسجد سے متعلق کسی بھی معاملے کی سماعت کا حق صرف وقف بورڈ کو ہے۔ خیال رہے کہ ضلع کورٹ میں ہی گیانواپی ۔ شرنگار گوی کمپلیکس کیس کی سماعت ہورہی ہے ۔انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کے وکیل شمیم احمد نے کہا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ جج اے کے وشویش کی عدالت کو مطلع کیا کہ گیانواپی مسجد ایک وقف جائیداد ہے اور اس سے متعلق کسی بھی معاملے کی سماعت کا حق صرف وقف بورڈ کو ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 1992 میں اتر پردیش حکومت اور وقف بورڈ کے درمیان ایک معاہدے کے بعد گیانواپی کمپلیکس کے ایک حصے کو پولیس کنٹرول روم میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔