EQUALABLE فاونڈیشن کے تعاون سے فیض عام ٹرسٹ کا مثالی اقدام
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : انسان اگر محنتی ہو تو اسے کبھی نہ کبھی کامیابی مل کے ہی رہتی ہے ۔ دولت عزت اور شہرت اس کے دروازہ پر دستک دے کر ہی رہتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں یہ محاورہ بہت زیادہ مقبول ہے کہ محنت رنگ لاتی ہے ۔ بہر حال ہر انسان کو محنتی ہونا چاہئے ، چاہے وہ جسمانی اعتبار سے معذور ہی کیوں نہ ہو ۔ معذورین کی معاشرہ کی جانب سے حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ۔ آج ہم آپ کو ایک ایسے نوجوان کے بارے میں بتاتے ہیں جن کی عمر 30 ، 32 سال ہے ۔ جسمانی طور پر 55 فیصد معذور ہیں ۔ حکیم پیٹ کے ساکن ہیں لیکن او یو کالونی ونائک نگر کی ایک مسجد میں خدمت انجام دیتے ہیں ۔ جہاں انہیں 8000 تا 8500 روپئے ماہانہ کی کمائی بھی ہوجاتی ہے ۔ اس نوجوان نے خود کو 8 تا ساڑھے 8 ہزار ماہانہ آمدنی تک محدود نہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور پھر فیض عام ٹرسٹ سے رجوع ہو کر الیکٹرک ٹرائی بائیک فراہم کرنے کی خواہش کی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق محمد معین نے مختلف مقامات پر منعقد کئے جانے والے بازاروں میں عطر ، اگربتی اور ٹوپیاں فروخت کرتے ہوئے اپنی آمدنی بڑھانے کا خیال ظاہر کرتے ہوئے ٹرائی بائیک فراہم کرنے کی خواہش کی چنانچہ Equalable فاونڈیشن جس کے سربراہ امریکہ میں مقیم انجینئر محمد یوسف ہیں کے اشتراک و تعاون سے محمد معین کے لیے 1.21 لاکھ مالیتی الیکٹرک ٹرائی بائیک کا انتظام کیا گیا اور فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی ڈاکٹر مخدوم محی الدین کے ہاتھوں آج وہ بائیک محمد معین کے حوالے کردی گئی ۔ اس موقع پر جناب علی حیدر عامر رکن مجلس عاملہ ، جناب سید حیدر علی رکن مجلس عاملہ ، منیجر سید عبدالستار اور فیلڈ آفیسر محمد اعظم بھی موجود تھے ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے کہا کہ معاشرہ کو خاص طور پر ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جو اپنی زندگی میں کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔ کمائی کا ذریعہ پیدا کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں ۔ فیض عام ٹرسٹ کا مقصد ملت کو معاشی اور تعلیمی اعتبار سے با اختیار بنانا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک معذور طالب علم کو ٹرائی بائیک فراہم کی گئی تھی ۔۔