مسجد گلزار نرمل میں گرمائی کلاسیس کی اختتامی تقریب

   

نرمل ۔2جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر مولانا راشد خان قاسمی کے اطلاع کے بموجب گزشتہ چالیس روز سے چل رہے گرمائی دینی کلاسس کا آج مسجد گلزار نرمل میں ایک خوبصورت تقریب کے ذریعے سے اختتام عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ ان گرمائی کلاسس کا انعقاد صباحی تعلیم کمیٹی کے ارکان جناب اظہر صاحب جناب خواجہ فرید الدین صاحب شیخ امتیاز احمد عبدالمسعود شیخ اشفاق عبد الوکیل صاحب (لیب ٹکنیشن) سید زبیر احمد محمد عارف صاحب کی جانب سے عمل میں آیا۔ حضرت مولانا مفتی محمد عمیر قاسمی اور دیگر اساتذہ نے ان چالیس دنوں میں تقریباً 150 سے زائد طلبہ پر انتھک و پر خلوص محنت کی اور ان طلبہ کے دلوں میں توحید، رسالت، حبِ رسول، خوف خدا اور آخرت کا استحضار پیدا کیا۔ نیز طلبہ کو عقائد، دینی مسائل، احادیث و دعائیں سکھائی گئی۔ اس اختتامی تقریب کی صدارت صباحی تعلیم کمیٹی کے صدر اظہر صاحب خواجہ فرید الدین صاحب شیخ امتیاز احمد نے کی اسی طرح اسکی نگرانی محمد اشفاق محمد معز الدین ‘محمد وکیل نے کی۔ بحیثیت مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر مولانا راشد خان قاسمی ، اور حافظ آصف صاحب امام و خطیب مسجد چاند سلطانہ اور محمد اظہرالدین ایڈوکیٹ محمد مسعود اور عبد العظیم نے شرکت کی۔ مولانا ڈاکٹر راشد خان صاحب قاسمی نے نونہالانِ ملت کو اپنی قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ تقریباً 30 سے زائد طلباء نے اس تقریب میں انتہائی پر مغز و معلوماتی مظاہرے پیش فرمائے جس سے خوش ہوکر مولانا راشد خان قاسمی نے تمام طلباء کو نقد انعامات سے نوازا اور صباحی تعلیم کمیٹی مسجد گلزار کے تمام ارکان کی ہمت افزائی کی۔صباحی تعلیم کمیٹی مسجد گلزار کی جانب سے بھی تمام طلباء میں بہت سے انعامات اور شیرینی تقسیم کی گئی۔ اخیر میں حضرت مولانا ڈاکٹر راشد خان قاسمی کی دعا پر اس تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔