مسجد یکخانہ کی فوری تعمیر کو شروع کرنے کا مطالبہ

   

عثمان محمد خاں کی چیف منسٹر ، وزیر داخلہ اور چیرمین اقلیتی کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مسجد یکخانہ عنبر پیٹ میں دوبارہ نماز کی ادائیگی کے لیے جناب عثمان محمد خاں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے علاوہ وزیر داخلہ ، وزیر بلدی نظم و نسق و اربن ڈیولپمنٹ ، ڈائرکٹر جنرل پولیس اور حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ عثمان محمد خاں نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے حصول اراضیات پرویسیڈنگ کے تحت بنا کسی احتیاطی تدابیر کے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر 200 سالہ قدیم مسجد ہذا کو منہدم کردیا ہے ۔ جس کے بعد بلدیہ نے ادعا کیا کہ وہ توسیع سڑک کے تحت مسجد کو منہدم کیا ہے تاہم ریاستی وقف بورڈ کو اس معاملہ میں شامل نہیں کیا ہے جب کہ اس اراضی پر مسجد کے علاوہ عاشور خانہ ، قبرستان اور درگاہ واقع ہے لیکن بلدیہ نے اپنی پالیسی اختیار کرتے ہوئے اقلیتی کے اداروں میں خلل پیدا کیا ہے جس کے بعد وزیر داخلہ نے اسی مقام پر دوبارہ مسجد کی تعمیر کرنے کا وعدہ کیا جس پر مسلم طبقہ نے نماز کی ادائیگی کا آغاز کیا تو پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے اسی مقام پر بریکیڈس کو نصب کردیا اور مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روک دیا ۔ اس طرح کی صورتحال پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسی مقام پر مسجد کی تعمیر کا آغاز کر کے مسلمانوں کی نماز کی ادائیگی کا موقع فراہم کریں بصورت دیگر مسجد کی تعمیر کے لیے غیر معینہ بھوک ہڑتال شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ انہوں نے اپنے مکتوب کی ایک نقل چیرمین تلنگانہ اقلیتی کمیشن جناب محمد قمر الدین کو بھی پیش کرتے ہوئے خواہش کی کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے مسئلہ کی سنگینی کو پیش نظر رکھ کر فوری اقدامات کریں ۔۔