نئی دہلی /7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت آئندہ ماہ ایک جدید ٹکنالوجی نظام متعارف کر رہی ہے تاکہ ملک میں زیر استعمال گمشدہ یا مسروقہ موبائیل فونس کی نشاندہی کی جاسکے ۔ محکمہ ٹیلی ماٹکس ( سی ڈاٹ ) کے ایک اعلی عہدیدار نے انکشاف کیا کہ حتی کہ سم کارڈ نکال دئے جانے یا پھر منفرد کوڈ آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کئے جانے کے باوجود بھی جدید ٹریکنگ نظام تمام گمشدہ اور مسروقہ موبائل فونس کی نشاندہی کر سکتا ہے ۔ مرکزی برائے فروغ ٹیلی میٹکس یہ اس ٹکنالوجی کے ساتھ تیار ہے اور توقع ہے کہ اگست سے خدمات کا آغاز کیا جائے گا ۔ محکمہ ٹیلی کام کے عہدیدار نے کہا کہ ’’ سی ڈاٹ اس ٹکنالوجی کے ساتھ پوری طرح تیار ہے پارلیمانی سیشن کے اختتام کے بعد محکمہ ٹیلی کام اپنے وزیر سے اس کے آغاز کیلئے رجوع ہوگا ۔ اس کو آئندہ ماہ متعارف کیا جانا چاہئے ‘‘ ۔ رواں پارلیمانی سیشن 26 جولائی تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ’ سی ای آئی آر ‘ ایک ایسا جدید طریقہ کار جو گمشدہ یا مسروقہ موبائل فونس کی تمام خدمات خواہ وہ کسی بھی نٹ ورک پر ہو بلاک کرسکتا ہے ۔