حسن آباد۔ مجلس بلدیہ چیریال کی نئی میونسپل کمشنر کے طور پر مسز راما لکشمی ضلع باغبانی افسر نے آج دفتر بلدیہ چیریال پہنچ کر اپنے نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ قبل ازیں یہاں برسر خدمت ضلع زرعی آفیسر ڈاکٹر کے شراون کمار کو موسم خریف کے دوران زرعی شعبے کے کاموں کی بہتات کے تناظر میں کمشنر بلدیہ چیریال کے اضافی چارج سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں نئی کمشنر بلدیہ راما لکشمی نے نمائندہ سیاست کو سیاست ٹی وی کیلئے دیئے گئے انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ چیریال کے بلدی حدود میں عوام کو درپیش مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے اولین ترجیح دیں گی نیز مہلک و جان لیوا کورونا وائرس سے مقامی عوام کو بچاؤ اور تحفظ کیلئے جنگی خطوط پر ضروری اقدامات کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر صدر بلدیہ اے سروپا رانی ، بلدی کونسلرس محترمہ زبیدہ خاتون اقبال، تارا ، اے نریندر اور دیگر موجود تھے۔
