مسعود اظہر کے معاملے پر چین ہندوستان سے بات چیت کا خواہشمند

   

بیجنگ۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ عسکریت پسند گروپ جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرانے سے متعلق ہندوستان سمیت تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے۔ 13 مارچ کو عالمی سلامتی کونسل میں مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کر دینے سے متعلق ایک قرارداد کو چین نے ویٹو کر دیا تھا۔ اس پر ہندوستان نے گہری مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ چینی ویٹو کے بعد ہندوستان میں ایسے مطالبے بلند ہونا شروع ہو گئے کہ وہاں چینی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ امریکہ نے بھی اس تناظر میں کہا تھا کہ قرارداد کے ویٹو کیے جانے سے علاقائی سلامتی اور امن کے مقاصد کو ٹھیس پہنچی تھی۔