دبئی : سلطنت عمان میں تباہ کن سیلاب سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ دارالحکومت مسقط اور متعدد صوبے سیلاب میں گھر گئے۔ امدادی ٹیموں نے گزشتہ روز مسقط میں ہنگامی آپریشن کرکے 5 افراد کو بچا لیا جو السیب صوبے کے شمالی علاقے الحیل کے سیلاب میں گھر گئے تھے۔عمانی شہری دفاع کے محکمے نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر سے کام لیں۔ وادیوں اور سیلاب والے مقامات پرجانے کا خطرہ نہ مول لیں۔امدادی ٹیموں نے بوشر صوبے کے الغبرۃ مقام پر پھنسے 35 افراد کو بھی بچالیا ہے۔الغبرۃ میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی۔ عمانی شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ مسقط میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے متعدد رہائشی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں۔عمانی پولیس نے موسلا دھار بارش کے دوران عوام کی سلامتی کی خاطر مسقط کی متعدد سڑکیں بند کردیئے، جبکہ مسقط کی جانب وزارتوں والے علاقے کا راستہ بھی بند کردیا گیا۔ عمانی محکمہ موسمیات نے توجہ دلائی ہے کہ تغیر پذیر موسم کا سلسلہ ہنوز جاری رہے گا۔بحیرہ عمان اور مسندم صوبے کے ساحلوں پر اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں۔ امکان ہے کہ سمندر میں طغیانی سے نشیبی ساحلی علاقے مزید وقت تک متاثر ہوں، ہوائیں بھی تیز چل رہی ہیں۔