مسقط میں پھنسی مسلم خاتون کی بحفاظت وطن واپسی میں کے ٹی آر کا اہم رول

   

خاتون نے بی آر ایس قائد سے اظہار تشکر کیا، خاندان کی مدد کرنے کے ٹی آر کا تیقن
حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) راماگنڈم ضلع کے گوداوری کھنی سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم خاندان نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے مسقط میں پھنسی ہوئی خاتون کی بحفاظت واپسی کے اقدامات کئے۔ گوداوری کھنی سے تعلق رکھنے والے نسرین نامی خاتون ملازمت کے سلسلہ میں مسقط گئی تھیں لیکن وہاں انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نسرین کے افراد خاندان نے کے ٹی راما راؤ کو تفصیلات بتائیں جس پر انہوں نے وزارت خارجہ اور مسقط میں ہندوستانی سفارتی مشن سے ربط قائم کرتے ہوئے نسرین کو وطن واپس بھیجنے کی خواہش کی۔ کے ٹی آر کی مساعی پر نسرین آج مسقط سے حیدرآباد واپس ہوگئیں۔ ایئرپورٹ سے اپنے بچوں اور افراد خاندان کے ساتھ وہ سیدھے کے ٹی آر سے ملاقات کے لئے پہنچیں۔ جوبلی ہلز کے بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس کے دوران نسرین نے بچوں کے ساتھ کے ٹی آر سے ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے ٹی آر کی بروقت مدد نہ ہوتی تو وہ وطن واپس نہیں آسکتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسقط میں ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے اور وہ مظالم کا شکار رہیں۔ نسرین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کے ٹی آر کو راکھی باندھی اور کہا کہ وہ کے ٹی آر کو اپنا بھائی بناتی ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مسقط میں نسرین کے مسائل کی اطلاع ملنے پر راماگنڈم کے بی آر ایس قائد ہریش ریڈی نے انہیں واقف کرایا تھا۔ انہوں نے نسرین کو آئندہ بھی ہر ممکن مدد کا تیقن دیا اور کہا کہ پارٹی کی جانب سے بچوں کی دیکھ بھال کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ 1