مسلح افواج کو عصری سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح

,

   

Ferty9 Clinic

اندرون ملک ہی ضروریات کی تکمیل پر توجہ ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا خطاب

حیدرآباد 3 اگسٹ ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ حکومت کی ترجیح مسلح افواج کو عصری بنانے کی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ اندرون ملک ذرائع ہی سے ان افواج کی ضروریات کی تکمیل کی جائے ۔ وزیر دفاع عوامی شعبہ کی ڈیفنس یونٹ بی ڈی ایل کی گولڈن جوبلی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو دہرانا چاہتے ہیں کہ مسلح افواج کو عصری سہولیات سے لیس کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ فوج کی ہر ضرورت کو اندرون ملک ہی سے پورا کیا جائے ۔ وزْر دفاع نے کہا کہ اس بات کی ضرورت ہے کہ اندرون ملک دفاعی پیداوار میں اضافہ کیا جائے تاکہ دفاعی صلاحیت اور تیاری میں اضافہ ہوسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ دفاعی آلات صرف اسی صورت میں بیرون ملک سے منگوائے جائیں گے جب صورتحال اس بات کی متقاضی ہو اور ملک میں اس کی تیاری نہ ہوتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ دفاع کے شعبہ کا ملک کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں اہم رول ہوگا اور اس میں راست بیرونی سرمایہ کاری حاصل کی جائیگی اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں آفسیٹ سرمایہ کاری بھی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 2025 تک ڈیفنس ایکسپورٹس کو ایک قابل عزت سطح تک لانا چاہتی ہے اور اس کیلئے بی ڈی ایل کو بھی اہم رول ادا کرنا ہوگا ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کا دفاعی ڈھانچہ تحمل ‘ توازن اور نفرت کو ابتداء ہی میں ختم کردینے کے اصولی فارمولے پر کام کرتا ہے اور یہ ڈھانچہ علاقائی ‘ بر اعظمی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کیلئے کام کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا میزائیل تیرای کا جو پروگرام ہے وہ ملک کی جارحیت کا مظاہرہ کرنے کیلئے نہیں ہے جیسا کہ ہمارا پڑوسی ملک کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک کو دیکھئے ۔ میزائیلوں کے نام صرف حملہ آوروں جیسے بابر ‘ غوری ‘ غزنوی کے نام پر رکھے جاتے ہیں تاکہ پاکستان کو جارحانہ تیور میں دکھایا جاسکے ۔ ہمارے میزایلوں کے نام پرتھوی ‘ آکاش ‘ اگنی ‘ ناگ ‘ ترشول ‘ برہموس وغیرہ ہے جو توازن کو ظاہر کرتے ہیں۔