مسلح افواج کی سیاست سے دوری، حکومت کی ہدایت پر کام

,

   

مقصد کے حصول کیلئے تینوں افواج کی مشترکہ کوشش پر توجہ، پہلے سی ڈی ایس کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد بپن راوت کا خطاب

نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے کہا کہ سی ڈی ایس کی اہم ذمہ داری تینوں افواج کو ایک ٹیم کے طور پر کام کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے نشانہ کے لیے کام کیا جائے گا جہاں 1+1+1 تین نہیں بلکہ پانچ یا سات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے مقصد حاصل کیا جائے گا۔ پہلے سی ڈی ایس منتخب ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے سرکو ہلکا محسوس کررہے ہیں کیوں کہ گزشتہ 41 برسوں سے وہ گورکھا ہیٹ پہنے ہوئے تھے۔ اب جو چوٹی دار ٹوپی انہوں نے پہنی ہے وہ فوج کی تینوں سرویسز کے لیے غیر جانبدار رہے گی۔ نومنتخب چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس)جنرل بپن راوت نے کہا کہ مسلح افواج سیاست سے دور ہیں اور حکومت کی ہدایات کے مطابق کام کر تے ہیں۔ان کا یہ تبصرہ اپوزیشن کے الزامات کے درمیان آیا ہے کہ مسلح افواج کو سیاسی شکل دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم خود کو سیاست سے دور رکھتے ہیں۔ہم حکومت کی ہدایات کے مطابق کام کرتے ہیں۔‘‘ ملک کے پہلے سی ڈی ایس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا کے ساتھ اپنی پہلی بات چیت میں جنرل راوت نے کہا کہ ان کا مقصد تینوں افواج کے ذریعہ کی جارہی کوششوں کو متحد کرنا اور ایک ٹیم کے طورپر کام کرنا ہوگا۔وہ تینوں افواج کو دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کویقینی بنانے پر بھی توجہ مرکوز کریں گے ۔میرا مطلب ہے کہ صرف مربوط کوشش نہیں بلکہ اس سے بہت زیادہ ہونا چاہئے ۔ہمیں متحد ہوکر یہ مقصد حاصل کرنا ہوگا۔ جنرل بپن راوت نے آج ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کا عہدہ سنبھا ل لیا۔ جنرل راوت نے ساؤتھ بلاک میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ۔ اس سے قبل انہوں نے قومی جنگ یادگار جا کر وطن کی حفاظت میں اپنی جان قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مرکزی کابینہ نے گزشتہ ہفتے ہی سی ڈی ایس کے عہدے کی تشکیل، رول، قوانین اور چارٹر کو منظوری دے دی تھی۔ کابینہ نے وزارت دفاع میں فوجی امور کے ایک نئے شعبے کی تشکیل کو بھی منظوری دی تھی۔ سی ڈی ایس اس محکمہ کے سربراہ اور سیکرٹری ہوں گے ۔ سی ڈی ایس کے عہدے پر فائز ہونے والا افسر چارا سٹار کے رینک والا جنرل ہوگا۔ ان کی تنخواہ تینوں افواج کے سربراہان کے مساوی ہوگی۔ وہ حکومت کو دفاعی معاملات میں مشورہ دینے والا بڑا افسر ہوگا۔
سی ڈی ایس فوجی امور کے محکمہ کے سربراہ کے ساتھ ساتھ فوج کے چیف آف اسٹاف کمیٹی کا مستقل چیئرمین بھی ہوگا۔ جنرل راوت منگل کے روز آرمی چیف کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے

ملک کے پہلے سی ڈی ایس جنرل راوت کو مودی کی مبارکباد
نئی دہلی،یکم جنوری(سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندرمودی نے ملک کے پہلے چیف آف ڈفینس اسٹاف(سی ڈی ایس)جنرل بپن راوت کو ایک بہترین افسربتاتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریوں کے لئے مبارکباد اور دعائیں دی ہیں۔ مودی نے چہارشنبہ کو ٹویٹر پر کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ نئے سال اور نئی دہائی کی شروعات کے ساتھ ہی ہندوستان کو جنرل بپن راوت کے طورپر اپنا پہلا چیف آف ڈفینس اسٹاف مل گیا ہے ۔میں اس ذمہ داری کے لئے انہیں مبارکباد اور دعائیں دیتا ہوں۔وہ ایک بہترین افسر ہیں جنہوں نے بہت جوش کے ساتھ ہندوستان کی خدمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سی ڈی ایس کا عہدہ سنبھالنے کے موقع پر وہ ملک کی حفاظت میں اپنی جان قربان کرنے والے سبھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وہ کرگل میں لڑے بہادر فوجیوں کو یاد کرتے ہیں،جس کے بعد فوج میں اصلاح پر کئی بحث شروع ہوئی ،جس سے آج کی تاریخ میں تبدیلی ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا’’میں نے 15اگست 2019کو لال قلع سے یہ اعلان کیاتھا کہ ہندوستان میں ایک چیف آف ڈفینس اسٹاف ہوگا۔اس تنظیم پر ہمارے فوجی دستوں کی تجدید کاری کی بڑی ذمہ داری ہوگی۔یہ 1.3ارب ہندوستانیوں کی امیدوں کو بھی پیش کریگا۔‘‘
ضروری فوجی مہارت کے ساتھ فوجی امور کے محکمے کی تعمیر اور سی ڈی ایس کے عہدے کی ادارہ سازی ایک اہم اور وسیع اصلاح ہے جس سے ہمارے ملک کو جدید جنگ کی بدلتے چیلنجوں کا سامنا کرنے میں مدد ملے گی۔