مسلح جدوجہد کی یاد میں سی پی آئی کی ایک ہفتہ طویل تقاریب

   


مخدوم محی الدین کو خراج، گورنر سوندرا راجن کی سرگرمیوں پر تنقید

حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے حیدرآباد کی مسلح جدوجہد کی یاد میں ایک ہفتہ طویل تقاریب کا فیصلہ کیا ہے۔ یوم انضمام حیدرآباد کے موقع پر سی پی آئی نے مسلح جدوجہد کے مجاہدین کو خراج ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے نئے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح جدوجہد کے نتیجہ میں حیدرآباد اسٹیٹ کا انڈین یونین میں انضمام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹینک بنڈ پر مجاہد آزادی مخدوم محی الدین کو خراج پیش کیا جائے گا۔ آج سے ایک روزہ طویل تقاریب کا آغاز ہوا جو 17 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ سی پی آئی قائدین نے ٹینک بنڈ پہنچ کر مخدوم محی الدین کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔ سامبا سیوا راؤ نے راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان جاری تنازعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سوندرا راجن کو دستور کے دائرہ میں رہ کر کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے گورنر کے سیاسی بیانات پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ سی پی آئی ہمیشہ ہی گورنر کے عہدہ کو برخواست کرنے کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستوری عہدہ پر فائز شخصیت کیلئے مناسب نہیں کہ وہ حیدرآباد کے انضمام کو آزادی قرار دیں۔ انہوں نے کہا کہ سوندرا راجن کی سرگرمیاں ان کے دائرہ کار سے تجاوز کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ملک میں گورنر کے عہدہ کو سیاسی رنگ دے دیا ہے اور سیاسی اغراض کیلئے گورنرس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی جے پی کی سابقہ حکومت نے اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی کے دور میں حیدرآباد مجاہدین آزادی کو پنشن کی درخواست مسترد کردیا تھا۔ر